38

آزادی مارچ کے ہمراہ پلان بی پر عملدرآمد کا فیصلہ

اسلام آباد۔جمعیت علماء اسلام (ف)نے  حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے اسلام آباد میں آزادی مارچ  جاری رکھتے ہوئے ملک کی اہم شاہراہوں کوبلاک کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔ حتمی اعلان سے قبل مولانا فضل الرحمن نے دیگر اپوزیشن جماعتیں سے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔منگل کو جمعیت علماء اسلام (ف) کی مجلس شوریٰ کا  دوسرے روز بھی کئی گھنٹے تک  اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں حکومت پر دباؤ بڑھانے اور  پلان بی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں پلان بی کے زیادہ تر حصوں پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق جے یو آئی اجلاس نے اسلام آباد میں دھرنا جاری رکھتے ہوئے ملک کی مختلف بڑی شاہراہیں بند کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔   

صوبائی امرا نے پلان بی پر عمل  کے حوالے سے تجاویز دے دیں  ہیں تاہم کچھ صوبائی امرا نے سڑکیں بلاک کرنے کی جگہوں کی نشاندہی کے لئے وقت مانگ لیا ہے۔ اکرم درانی نے نیب عدالت جبکہ راشد سومرو نے مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ کے باہر گفتگو میں کہا  کہ پلان بی کا بس اب اعلان ہونے ہی والا ہے ،جے یو آئی کی حتمی فیصلہ سازی پر اعتماد کے لئے مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔حاصل بزنجو نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔