اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرادی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرادی گئی ہے، درخواست بیماری اور ملک سے باہرعلاج کرانے کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست شہبازشریف کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف علاج کے لیے ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست سیکرٹری داخلہ کو موصول ہوگئی ہے جس کے بعد وزارت داخلہ حکام درخواست کا قانونی پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے نیب سے رابطہ کیا ہے، اس حوالے سے نیب اور محکمہ داخلہ میں طبی بنیادوں پر ای سی ایل سے نکالنے کے لیے مشاورت جاری۔
واضح رہے کہ رواں برس اگست میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی روشنی میں وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کیا تھا۔









