47

پرویز الہیٰ کی 2 روز میں مولانا فضل الرحمان سے چوتھی ملاقات

اسلام آباد: حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن چوہدری پرویز الہیٰ کی جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

 اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں چوہدری پرویز الہیٰ اور مولانا فضل الرحمان نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی تجاویز پر مبنی  آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر  اور سینیٹر طلحہ محمود بھی شریک تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جس بات پر مولانا فضل الرحمان راضی ہوں گے وہی بات ہوگی، مولانا فضل الرحمان کو بہت ساری تجاویز دی ہیں، سب پر امید ہیں چیزیں بہتری کی طرف جارہی ہیں جلد خوشخبری اکھٹی سنائیں گے اور اچھا نتیجہ نکلے گا۔

ملاقات سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ سب دعا کریں کوئی فیصلہ حتمی ہوجائے، ہماری طرف سے پوری کوشش جاری ہے کوئی کمی نہیں چھوڑنی، انشاءاللہ اچھا نتیجہ نکلے گا۔ پرویز الہیٰ  نے کہا کہ جب تک آزادی مارچ کا معاملہ حل نہیں ہوتا کوشش جاری رہے گی اور جلد مثبت نتائج کی امید ہے۔