لاہور۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف کے علاج کے لئے ان کی رہائش گاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) قائم کردیاگیا،نوازشریف کی صحت کی نازک صورتحال پرڈاکٹر نے ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کردی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت سے متعلق بیان میں انہوں نے کہا ڈاکٹرز نے مریم نوازشریف کو والد کی صحت کی بناپر سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی سی یو میں وینٹی لیٹر (مصنوعی تنفس) اور کارڈیک آئی سی یو کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے محمد نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کانٹس کم ہونے کے باعث Hospital Acquired انفیکشن ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹرز نے طبی خطرات کے پیش نظر نوازشریف کے لئے گھر پر خصوصی میڈیکل یونٹ بنانے کی تجویز دی تھی۔
ڈاکٹر عدنان کی زیر نگرانی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال نے نوازشریف کی رہائش گاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کیا، آئی سی یو میں ڈاکٹرز 24 گھنٹے موجود رہیں گے ڈاکٹرز کی ہدایت پر نوازشریف کو انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے گا۔









