اسلام آباد۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں، روپے کی قدر بہتر ہورہی ہے، برآمدات بڑھ رہی ہیں، سرمایہ کاروں کی جانب سے حکومتی پالیسیوں اور اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر اعتماد نہایت حوصلہ افزا ہے، اس تبدیلی کا اعتراف بین الاقوامی اداروں کی جانب سے کیا گیا،فضا کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے،پی ٹی آئی حکومت کا سب سے بڑا چیلنج اسٹیٹس کو تبدیل کرنا ہے،نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جا سکتا،تبدیلی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے روایتی طریقوں کو خیر آباد کہہ کر عوام کی فلاح کو مقدم رکھنا ہوگا،سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، سی پیک منصوبوں سے پاکستان میں ترقی کا ایک نیا باب روشن ہوگا۔
منگل کو وزیر اعظم عمران خان نے تمام وفاقی وازرتوں کے سیکرٹریز اور صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان سے ملاقات کی جس میں مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب، معاون خصوصی شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔سیکرٹری صاحبان نے ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز پیش کیں۔وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سنبھالتے ہی آپ سے ملاقات کی تھی جس کا مقصد حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور ویڑن کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں ایک لائحہ عمل تشکیل دینا تھا، ملاقاتوں کا یہ تسلسل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کے معاشی حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔ سرمایہ کار مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ روپے کی قدر بہتر ہورہی ہے۔ برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے حکومتی پالیسیوں اور اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر اعتماد نہایت حوصلہ افزا ہے۔ اس تبدیلی کا اعتراف بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی کیا گیا ہے۔ اس فضا کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کا سب سے بڑا چیلنج اسٹیٹس کو تبدیل کرنا ہے۔ نیا پاکستان پرانے اور روایتی طریقوں سے نہیں چلایا جا سکتا۔ تبدیلی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے روایتی طریقوں کو خیر آباد کہہ کر عوام کی فلاح کو مقدم رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ نوجوان طبقے کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور غربت کا خاتمہ ہمارا مشن ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سیاحت کا بہت پوٹینشل ہے جو ملک کی معاشی و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے،اس پوٹینشل سے مکمل طور پر استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ سی پیک منصوبوں سے پاکستان میں ترقی کا ایک نیا باب روشن ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو سول سرونٹس کی مشکلات کا اندازہ ہے۔ ان مشکلات کو دور کرنے اور سول سروس کو ماضی کی طرح فعال بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ - سیکریٹریز کی تعیناتی کی مدت کی پالیسی وضع کر دی گئی تاکہ آپ دل جمعی اور یکسو ئی سے اپنے اپنے متعلقہ محکموں میں اپنی خدمات سرانجام دے سکیں۔انہوں نے کہاکہ قابل، پرعزم اور محنتی سول سروس حکومت کے ویژن کو عملی شکل دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آپ عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے محنت کریں اور مسائل کا حل نکالیں۔انہوں نے کہاکہ ترقی تب ہی ممکن ہے جب صحیح اور بروقت فیصلے لیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ایک ایسی حکومت کے دور میں جو سرکاری ملازموں پرکسی قسم کا سیاسی دباؤ نہ ڈالنے پر یقین رکھتی ہے وہاں آپ کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو برؤے کار لانے اور قوم کی خدمت کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ گورننس میں شفافیت اور جدت لانے کے لیے ٹیکنالوجی کو برؤے کار لایا جائے۔انہوں نے کہاکہ مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات نے سول سروس ریفارمز کے حوالے سے بھی اجلاس کو بریف کیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ان سفارشات کو حتمی شکل دینے کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ سول سروس کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔









