اسلام آباد۔ پاکستان تحریک انصاف نے ایوان بالا میں خیبرپختونخواہ کی عام نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے ذیشان خانزادہ کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے باضابطہ طور پر ذیشان خانزادہ کی نامزدگی کا مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں ریٹرننگ افسر سے ذیشان خانزادہ کو پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ یہ نشست پیپلز پارٹی کے سینیٹر خانزادہ خان کے مستعفی ہونے کے نتیجے میں خالی ہوئی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈیول کے مطابق خیبرپختونخواہ کی اس نشست پر پولنگ 26 نومبر کو ہوگی۔









