39

نواز شریف کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کو ان کے کہنے پر سروسز اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

 نواز شریف کو ان کے کہنے پر سروسز اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے، جس کے بعد انہیں شریف میڈیکل کمپلیکس منتقل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ شریف میڈیکل کمپلیکس کی ایمبولینس نواز شریف کے کمرے کے داخلی راستے پر لگادی گئی ہے۔

سربراہ میڈیکل بورڈ ڈاکٹر محمود ایاز  کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی تین بیماریوں پلیٹ لیٹس، دل کا علاج اور خون کی شریانیں بلاک ہونے کا علاج کررہے ہیں۔ نوازشریف کی محدود چہل قدمی اور ورزش سمیت کھانے پینے کے حوالے سے بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

ڈاکٹر محمود ایاز کے مطابق دوران علاج دل کا اٹیک ہوا تھا، نواشریف کا بلڈ پریشر کنٹرول ہے جب کہ شوگرکنٹرول کررہے ہیں، کچھ ٹیسٹ جنیٹک ہیں جو ابھی کرنے ہیں اوریہ ٹیسٹ بیرون ملک سے ہی ہوں گے، خون کی شریانیں جو بند ہیں اس حوالے سے ٹیسٹ بھی تجویز کئے ہیں تاہم جب تک نوازشریف چاہیں گے ان کا علاج سروسزمیں ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کی بیماری کی تشخیص 14 روز گزرنے کے باوجود بھی نہ ہوسکی تھی جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کوبیرون ملک بھیجنے کا مشورہ دیا تھا۔