36

شاہد خاقان عباسی اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقل

اسلام آباد۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے. شاہد خاقان عباسی کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ -8 سیکٹر میں واقع نجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں شاہد خاقان عباسی کے معائنے کے بعد ان کے ہرنیا کے آپریشن کی سفارش کی تھی.شاہد خاقان عباسی کے گردے اور مثانے میں پتھری کی تشخیص ہوئی تھی اور اب ان کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل حکام کو شاہد خاقان کی ہسپتال منتقلی کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا. خیال رہے کہ 28 اکتوبر کو شاہد خاقان عباسی نے اپنی مرضی سے علاج کروانے کی درخواست دائر کی تھی اور موقف اپنایا کہ انہیں بھی اپنے خرچ پر نجی ہسپتال سے علاج کی اجازت دی جائے اس دوران شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے استدعا کی تھی کہ علاج کے حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے یہ نہ ہو کہ ان کا حال نواز شریف جیسا ہو جائے۔

واضح رہے کہ اس وقت ملک کے 2 سابق حکمران آصف علی زرداری اور نواز شریف بھی مختلف بیماریوں کا سامنا کررہے ہیں اور انہیں بھی جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھاجعلی اکانٹس کیس میں گرفتار آصف علی زرداری کو کمر درد کے باعث جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں واپس جیل منتقل کردیا گیا تھا. اس طرح العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال سزا کا سامنا کرنے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی 21 اکتوبر کو اچانک طبیعت کی ناسازی پر کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی ضمانت پر رہائی کی درخواست بھی دائر کی تھی۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پر ان کی ضمانت کو منظور کرتے ہوئے 8 ہفتوں کے لیے ان کی سزا معطل کی تھی اور اب وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کو 18 جولائی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کیس میں گرفتار کیا تھا، اس کے علاوہ 7 اگست کو ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد ہونے پر مفتاح اسماعیل کو عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا۔