60

وزیراعظم کے پاس مستعفی ہونے کےلیے دو دن کی مہلت ہے، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے اور اداروں کو اس ناجائز حکومت کی پشت پناہی ختم کرنے کیلئے صرف دو دن کی مہلت ہے۔

اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 9 کے میٹرو گراؤنڈ میں مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جے یو آئی کا احتجاجی جلسہ جاری ہے۔ جلسے میں مولانا فضل الرحمان، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں سے تصادم نہیں بلکہ ان کا استحکام چاہتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم اداروں کو غیر جانبدار بھی دیکھنا چاہتے ہیں، اگر ہم محسوس کریں کہ ناجائز حکومت کی پشت پر ادارے ہیں اور اس کا تحفظ کررہے ہیں، تو پھر دو دن کی مہلت ہے، پھر ہمیں نہ روکا جائے کہ اداروں کے بارے میں کیا رائے قائم کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے پاس مستعفی ہونے کےلیے دو دن کی مہلت ہے۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا عوامی اجتماع ہے، تمام سیاسی جماعتوں کا یکجہتی کا فیصلہ دراصل قومی مطالبہ ہے، سب کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ 25 جولائی کے الیکشن فراڈ تھے اور دھاندلی کا شکار تھے، حکومت کو بہت مہلت دے دی، مزید مہلت دینے کے روادار نہیں، اب ایک ہی فیصلہ کرنا ہے اس حکومت کو جانا ہے، قوم ان سے آزادی چاہتی ہے۔

جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ حکومت نے 50لاکھ گھر بنانے کے بجائے50لاکھ گھر گرا دیے، ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے25لاکھ لوگوں کو بیروزگار کر دیا، عوام کو ان نااہل حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، حکومت کی نااہلی کے نتیجے میں ملکی معیشت تباہ ہوگئی، معیشت ختم ہوجائے تو ملک اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتا، پاکستان کےگورباچوف کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرکے مستعفی ہوجانا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ بھارت سےکشیدگی ہے،دوسری طرف دوستی کاہاتھ بڑھاتی ہے، کرتارپور راہداری کھولنے کیلئے ہندوستان کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھائی جا رہی ہیں، کشمیر کو انہوں نے مودی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، کہتےتھےباہرسےلوگ نوکری کےلیےآئیں گے، باہر سے کوئی نہیں آیا صرف آئی ایم ایف کے2بندےضرور پاکستان آئےہیں، پرانی کریشن تودورکی بات نئی کرپشن میں تین فیصد اضافہ ہوگیا ہے، دوسروں کو آئینہ دکھانےوالےوزیراعظم اپنے شکل بھی آئینےمیں دیکھ لو۔

آزادی مارچ کے شرکاء نے مولانا عبد الغفور حیدری کی امامت میں جلسہ گاہ میں نماز جمعہ ادا کی۔