34

فضائی حدود کی اجازت نہ ملنے پر بھارت آگ بگولہ

نئی دہلی۔بھارت نے فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہ دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو بین الاقوامی شہری ہوا بازی (آئی سی اے او) لے جانے کا فیصلہ کیا ہے،پاکستان نے بین الاقوامی طرز عمل سے انحراف کی پرانی روش برقرار رکھی ہے، پاکستان کو خصوصی فلائٹ کی تمام کلیئرنس اور معلومات فراہم کی گئیں تھیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت نے وزیر اعظم نریندر مودی سعودی عرب جانے والی پرواز کے لئے ملک کی فضائی حدود کو استعمال کرنے کی پاکستان سے اجازت طلب کی تھی جہاں وہ منگل کو بین الاقوامی کاروباری کانفرنس میں شرکت کرنا چاہتے تھے لیکن پاکستان نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی اور انکار کر دیا۔

 بھارت کو پاکستان کے اس رویہ پر انتہائی افسوس ہے۔بھارتی میڈیا نے ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ بھارت اس معاملہ کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے پاکستان کو بین الاقوامی شہری ہوا بازی (آئی سی اے او) گھسیٹے گا۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ کستان کو خصوصی فلائٹ کی تمام کلئیرنس اور معلومات فراہم کی گئیں تھیں لیکن پاکستان نے بین الاقوامی طرز عمل سے انحراف کی پرانی روش برقرار رکھی۔ خیال رہے کہ پاکستان اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ بھارت کو انکار کر چکا ہے۔ بھارتی میڈیا نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حوالے سے کہا ہے کہ اسلام آباد نے وزیر اعظم مودی کی سعودی عرب جانے والی پرواز کے لئے اپنی فضائی حدود کے استعمال کی نئی دہلی کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ اسلام آباد نے نئی دہلی کی جانب سے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے فضائی حدود کے استعمال کی درخواست کی تردید کردی ہے۔اس سے قبل پاکستان نے 20ستمبر کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے لئے وزیر اعظم مودی کی امریکہ جانے والی پرواز کے فضائی حدود کی اجازت سے انکار کردیا تھا۔صدر رام ناتھ کووند کو اپنے یورپ کے سرکاری دورے کے لئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت سے بھی انکار کردیا گیا تھا۔