لاہور۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے لیے ایک بڑا تحفہ،تاریخی شیوالہ تیجا سنگھ مندر سیالکورٹ کی 50لاکھ کی لاگت کے بعد تزئین وآرائش سمیت دیگر ترقیاتی کام مکمل ہونے پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ،ڈاکٹر عامر احمد نے دیگر مقامی ہندو رہنماؤں کے ہمراہ مندر کا افتتاح کیا۔ جسے بعد مقامی ہندو برادری کے افراد کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے مندر کوفنکشنل کر دیا گیا، 27اکتوبر کو تقسیم ہند کے بعد یہاں پر دیوالی کی تقریب بھی منعقدہو گی۔مندر کو فنکشنل کرنے کے لیے خصوصی پوجا پاٹ کا بھی اہتمام کیا گیا،تقریب میں سیکرٹری بورڈ طارق وزیر سمیت مقامی انتظامی و پولیس افسران اور ہندو رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی اجازت کے بعد مندر کی تزئین وآرائش کے لیے ٹرسٹ بورڈنے 50لاکھ روپے مختص کیے،اور اسکے پہلے فیز کے ترقیاتی کام 5ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیے گئے ہیں پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں آزاد ہیں اور انہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،مندر 1کنال 2مرلے رقبہ پر محیط ہے،مندر میں موتیاں اور شولنگ کا اہتمام لوکل سطح پر پاکستان سے ہی کیا جا رہے،چیئرمین نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خا ن کے ویثرن کے مطابق،پاکستان میں بسنے والے تمام ہندو اور سکھ برادری کو مکمل سہولیات و مراعات دی جا رہی ہیں۔
سیکرٹری بورڈ طارق وزیر نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان اور چیئرمین بورڈ کی ہدایت پر یکم جولائی کو تقسیم ہند کے بعد اس مندر کو فنکشنل کرنے کے لیے پوجا کا اہتمام کیا گیا تھا،جبکہ آج اسکا با ضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔اور ا ب سیالکوٹ اور اسکے دیگر اضلاع میں بسنے والے ہندو مذہب کے افراد یہاں آکر اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے۔مندر کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ،ڈی پی او،پشپ آف سیالکوٹ،ہندو رہنماء ڈاکٹر منور چاند،پنڈت ہربنس لال،پنڈت کاشی رام سمیت دیگر ہندو مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی او ر انہوں نے اس تاریخی مندر کو فنکشنل کرنے اورتزئین آرائش اور ترقیاتی کام کروانے پر وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین ٹرسٹ بورڈ،ڈاکٹر عامر احمد کا خصوصی الفاظ میں شکریہ ادا کیا اور اپنے مذہبی عقیدہ کے مطابق ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی سلامتی،کشمیر کی آزادی اور موجود ہ حکومت کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔









