اسلام آباد۔زیراعظم عمران خان کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح آج جمعرات کو کریں گے۔ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ایک لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض جبکہ پچاس لاکھ روپے تک کا کم شرح سود پر قرض مل سکے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم بنایا گیا ہے۔
پروگرام کی ویب سائٹ بن چکی ہے جس کے ذریعے لوگ قرض کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے مرکز اور صوبوں میں رابطہ بہتر کرنے کیلئے وزیراعظم آفس میں خصوصی رابطہ سیل قائم کیا گیا ہے۔ پروگرام مکمل طورپر شفاف اور میرٹ پر مبنی ہو گا۔
جس کے تحت قرض کے حصول کیلئے تمام شرائط کا پورا کرنا لازمی ہوگا۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ قرض کے حصول کیلئے نوجوانوں کو بزنس پلان دینا پڑے گا۔ نادرا کی تصدیق پر تیس دنوں میں قرضہ مل سکے گا۔ اسکیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ماہرین پر مبنی اسٹیرنگ کمیٹی بھی قائم کی جا رہی ہے۔









