81

برطانوی شاہی جوڑا اسلام آباد پہنچ گیا

‏برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن اسلام آباد پہنچ گئے۔ برطانوی شاہی جوڑے کا طیارہ نور خان ائیربیس پر اتر گیا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ان کا استقبال کریں گے۔

برطانوی شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر ان کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، راولپنڈی اور لاہور میں رکشوں کو خیر مقدمی پینٹنگز سے سجادیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 4 روزہ دورے میں 15 اکتوبر کو صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ دورہ پاکستان کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن 15 اکتوبر کو ایک اسکول کا بھی دورہ کریں گے اور شاہی مہمان اسی دن ایک فلاحی پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔

شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن 16 اکتوبر کو لاہور جائیں گے جہاں وہ لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے اور ایک ایس او ایس ویلج کا بھی دورہ کریں گے، دورہ لاہور کے دوران شاہی مہمان نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے۔

برطانوی شاہی مہمان 17 اکتوبر کو چترال جائیں گے جہاں ایک روز گزارنے کے بعد 18 اکتوبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے وہ وطن واپس روانہ ہوں گے۔