56

خورشید شاہ کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا

سکھر۔خورشید شاہ کے ریمانڈ میں توسیع،  صوبہ میں عام تعطیل ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا (آج) منگل کوپیش کیا جائے گا، عدالت نے ایک دن کا ریمانڈ بڑھا دیا، تفصیلات کے مطابق سکھر کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کا ایک دن کا ریمانڈ بڑھا دیا ہے ریمانڈ میں اضافہ احتساب عدالت کے جج امیر علی مھیسر نے نیب کے پراسیکیوٹر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر کیا۔

درخواست میں نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کو عدالت کی جانب سے دیئے گئے ریمانڈ کے پورے ہونے پر پیش کرنا تھا لیکن صوبے میں سندھ کے صوفی شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے سالانہ عرس پر عام تعطیل ہونے کی وجہ سے پیش نہیں کیا جاسکتا ہے اس لیے ان کے ریمانڈ میں ایک دن کی توسیع کی جائے جس پر عدالت نے ایک دن کی توسیع کرتے ہوئے نیب کو خورشید شاہ کو کل15 اکتوبرکو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔