61

جہانگیر ترین کی سرکاری اجلاسوں میں شرکت چیلنج

لاہور۔ پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین کا سرکاری اجلاسوں میں شرکت کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں چوہدری شعیب سلیم ایڈووکیٹ نے آئینی درخواست دائر کی درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کو سپریم کورٹ نے تاحیات نا اہل کیا ہے، نااہلی کے باوجود جہانگیر ترین نے وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں حکومتی اجلاسوں کی صدارت کی ہے۔

نااہل جہانگیر ترین نے حکومتی اجلاسوں کے دوران بریفنگ لی اور احکامات جارے کئے ہیں درخواست گزار نے قانونی نقطہ اٹھایا کہ نااہل جہانگیر ترین کو اجلاسوں کی صدارت کی اجازت دے کر سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی کی گئی ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بطور وزیر اعظم نااہل قرار دینے کے بعد بطور پارٹی سربراہی بھی نااہل قرار دیدیا تھا اور انہیں پارٹی اجلاسوں کے ساتھ ساتھ حکومتی اجلاسوں کی صدارت کرنے سے بھی روک دیا تھا، اس وقت تحریک انصاف نواز شریف کو اس غیرآئینی اقدام پر تنقید کا نشانہ بناتی تھی ۔

لیکن اب ان کی جماعت کا نااہل شخص نواز شریف کی طرف پر وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں اجلاسوں کی صدارت کر رہا ہے۔ درخواست گزار وکیل نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ سے تا حیات نااہل جہانگیر ترین کو حکومتی اجلاسوں کی صدارت کرنے سے روکا جائے اور جہانگیر ترین پر حکومتی اجلاسوں کی صدارت پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔