8

شہباز شریف کو دو بار وزیراعظم بنوایا، اب چاہتا ہوں وہ 5 سال پورے کریں: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی خواہش اور دعا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم بنیں جو اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کریں۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے شہباز شریف کو دو مرتبہ وزیراعظم بنانے میں کردار ادا کیا۔ ایک مرتبہ ان کے ساتھ کابینہ میں کام کیا جبکہ موجودہ دور میں بھی وہ جس انداز میں وزیراعظم کی حمایت کر رہے ہیں، وہ سب کے سامنے ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور ان کی ٹیم نے ملکی معیشت کے بنیادی اشاریوں کو مستحکم کیا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ شروع ہونے کے بعد پاکستان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم اور ان کی ٹیم امن قائم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے تاکہ معاشی مسائل پر قابو پایا جاسکے، تاہم انہیں ملکی معیشت پر توجہ دینے کا مناسب موقع نہیں مل رہا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کو تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ بٹھا کر یہ بتانے کا موقع ملنا چاہیے کہ حکومت مہنگائی، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے کیا منصوبہ رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جب بھی کوئی منصوبہ بناتے ہیں تو ان کی کابینہ کا کوئی نہ کوئی رکن اپنا ایجنڈا پیش کرکے اصل موضوع سے توجہ ہٹا دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام طور پر سیاست دان وزیراعظم کے کام میں رکاوٹیں پیدا کرنے اور انہیں عہدے سے ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن پیپلزپارٹی ایسا نہیں کر رہی بلکہ وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتی ہے۔

عمران خان اور مولانا فضل الرحمان سے رابطے کی ضرورت

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کا مقابلہ کوئی ایک یا دو سیاسی جماعتیں اکیلے نہیں کرسکتیں، اس کے لیے قومی سطح پر مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کو پسند کیا جائے یا نہ کیا جائے، دونوں اپوزیشن میں موجود ہیں اور پارلیمنٹ میں ان کی جماعتوں کے اراکین بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ ان کے سیاسی اختلافات اپنی جگہ موجود ہیں، تاہم اگر ملک کے مسائل حل کرنے ہیں تو ان سے بھی رابطہ کرنا ہوگا اور انہیں پارلیمنٹ اور کمیٹیوں میں اپنا کردار ادا کرنے کی دعوت دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ماضی میں سیاسی اختلافات اور تلخیاں رہی ہیں، لیکن قومی مفاد کو ذاتی اختلافات اور انتقام پر ترجیح دینی چاہیے۔

ملک میں معاشی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ

بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اس وقت ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جنگ کے معاشی اثرات پاکستان کے عوام بھی برداشت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا اور بظاہر آنے والے دنوں میں معاشی مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتوں کی توجہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے، لیکن پاکستان میں سیاست دان عوام کے بنیادی مسائل سے توجہ ہٹا رہے ہیں۔

بینظیر ہاری کارڈ کے تحت 6 لاکھ افراد کو مالی معاونت ملے گی

چیئرمین پیپلزپارٹی نے سندھ حکومت کے بینظیر ہاری کارڈ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے چھوٹے کسانوں اور 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے زمینداروں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت تقریباً 6 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔ گندم کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 4 ہزار روپے مالی مدد دی جائے گی، جبکہ حکومت کو گندم فراہم کرنے پر مزید 2 ہزار روپے فی ایکڑ ادا کیے جائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی ترجیح غریب، محنت کش اور کسان طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور محدود وسائل میں عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔