11

اسٹیبلشمنٹ سیاست سے دور رہے ورنہ جے یو آئی سڑکوں پر آئے گی: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسٹیبلشمنٹ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاست میں مداخلت بند کرکے اپنے دائرے میں رہے، بصورت دیگر جے یو آئی سڑکوں پر نکلے گی اور ضرورت پڑنے پر جیلیں بھی بھر دے گی۔

پشاور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ جہاں کھڑی ہے، وہیں رک جائے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو جے یو آئی بھرپور سیاسی مزاحمت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشتعل مزاج لوگ نہیں ہیں، لیکن اگر ہمیں چھیڑا گیا تو ہم سے جان چھڑانا مشکل ہوجائے گا۔ ہمارے پاس نہ اسلحہ ہے اور نہ ڈنڈے، ہم سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں اور اسی جدوجہد کے ذریعے مقابلہ کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنے والوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔ ہمارے کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں، ضرورت پڑی تو جیلوں کا رخ بھی کریں گے، جیلیں بھر جائیں گی لیکن ہمارے کارکن ختم نہیں ہوں گے۔

مفتی محمود مرکز تجاوزات نہیں، آپ خود تجاوزات ہیں

جے یو آئی سربراہ نے مفتی محمود مرکز سے متعلق تجاوزات کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کبھی گھر کے سامنے جنریٹر ہٹانے کا کہا جاتا ہے، کبھی کیبن اور اب مفتی محمود مرکز کو تجاوزات قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفتی محمود مرکز تجاوزات میں شامل نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ خود تجاوزات کر رہی ہے، کیونکہ وہ ہماری سیاست میں مداخلت کرتی ہے۔ آپ کا سیاست سے کیا کام ہے؟ اپنے دائرے میں رہیں۔

حکومت میں شامل نہ ہونے پر فائلیں کھولنے کی دھمکیاں دی گئیں

مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت کو قائم ہوئے ڈھائی سال گزر چکے ہیں اور اس دوران جے یو آئی کو حکومت میں شامل ہونے کی متعدد پیشکشیں کی گئیں۔

ان کے مطابق حکومت کی جانب سے کہا جاتا رہا کہ جے یو آئی کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی اور اسے صوبائی حکومت بھی لینے کی پیشکش کی گئی، تاہم پارٹی نے مبینہ جعلی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے اور حکومت میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت میں شامل نہ ہونے پر جے یو آئی کو فائلیں کھولنے کی دھمکیاں دی گئیں، لیکن ہم یہ فائلیں آپ کے منہ پر ماریں گے، جتنا زور لگانا ہے لگا لیں۔

معدنی ذخائر کی چوری کا معاملہ بھی اٹھا دیا

مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا کے معدنی ذخائر کی چوری میں ملوث ہے اور جب جے یو آئی نے اس معاملے کو بے نقاب کیا تو متعلقہ حلقے ناراض ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اپنے حقوق کے تحفظ کے ساتھ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے حقوق کے لیے بھی آواز بلند کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پشت پر سو سال سے زائد تاریخ موجود ہے اور نوجوانوں کو اپنی اس تاریخ کی حفاظت کرنی ہے۔ ہم متحد ہوکر اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔