11

ٹرمپ کے ہمراہ چین کا دورہ کرنے والے صحافیوں کے موبائل فون ضبط کرلیے گئے: امریکی میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ان کے ہمراہ جانے والے صحافیوں کے موبائل فون عارضی طور پر ضبط کرلیے گئے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صحافیوں کے موبائل فون سیکیورٹی چیکنگ کے دوران تحویل میں لیے گئے، جبکہ وائٹ ہاؤس کے عملے کے موبائل فونز کا ڈیٹا مٹانے یا انہیں ممکنہ سائبر خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی عارضی طور پر ضبط کیا گیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چین کے دورے کے بعد ایئر فورس ون میں صحافیوں کے موبائل فون ممکنہ سائبر جاسوسی کے خدشات کے باعث خصوصی سیکیورٹی بیگز میں رکھوائے گئے۔

ان خصوصی بیگز کے ذریعے موبائل فونز کو بیرونی وائی فائی اور موبائل نیٹ ورک سگنلز سے منقطع کردیا جاتا ہے، تاکہ ان تک غیر مجاز رسائی یا ڈیٹا کی منتقلی کے امکانات کو محدود کیا جاسکے۔

حکام کے مطابق یہ اقدام محض سیکیورٹی احتیاط کے طور پر کیا گیا تھا۔ کسی مخصوص جاسوسی کی کوشش یا موبائل فونز میں نگرانی کے سافٹ ویئر کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صحافیوں کے موبائل فون امریکا پہنچنے پر انہیں واپس کردیے گئے۔

فیراڈے بیگز کیا ہیں؟

فیراڈے بیگز خصوصی طور پر تیار کیے گئے حفاظتی تھیلے ہوتے ہیں جو موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک آلات کو بیرونی وائرلیس سگنلز سے محفوظ رکھتے ہیں۔ ان میں فون رکھنے کے بعد وائی فائی، موبائل نیٹ ورک اور دیگر ریڈیو سگنلز کی رسائی محدود یا مکمل طور پر بند ہوجاتی ہے۔

سیکیورٹی ادارے ایسے بیگز کا استعمال حساس معلومات کے تحفظ اور ممکنہ سائبر حملوں سے بچاؤ کے لیے کرتے ہیں۔