10

پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش، ترکیہ کا جدید تحقیقی جہاز اورُچ رئیس کراچی پہنچ گیا

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سائنسی، توانائی اور اسٹریٹجک تعاون کے نئے باب کا آغاز ہوگیا، ترکیہ کا جدید سمندری تحقیقی جہاز ’اورُچ رئیس‘ تیل و گیس کی تلاش کے لیے کراچی بندرگاہ پہنچ گیا۔

اس موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکیہ کے تعاون کو دونوں ممالک کے درمیان نئی اسٹریٹجک شراکت داری قرار دیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سیسمک سروے کسی بڑی دریافت کی ضمانت نہیں دے سکتا، تاہم اس کے بغیر مستقبل میں تیل اور گیس کی تلاش میں کامیابی ممکن نہیں۔ اس منصوبے کو وسیع تر قومی وژن کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جہاز کی آمد کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کی جانب ایک عملی قدم قرار دیا۔

تقریب کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بایراکتار کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔

ترکیہ کا جدید سیسمک ریسرچ جہاز ’اورُچ رئیس‘ مکران کے ساحلی علاقے کے آف شور بلاک ٹو ڈی اور سمندری حدود میں بلاک تھری کا تھری ڈی سروے کرے گا، جس کا مقصد سمندر میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر سے متعلق معلومات حاصل کرنا ہے۔

اس پیشرفت کے ساتھ معدنیات کی تلاش اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے تین مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔

اس منصوبے کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سائنسی تحقیق، توانائی کے شعبے اور دوطرفہ تعلقات میں تعاون بڑھانے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔