8

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، بنگلادیشی کرکٹر پر بھاری جرمانہ عائد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کے بیٹر توحید ہردوئے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا سنا دی ہے، جس کے تحت ان پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں دو ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل کردیے گئے ہیں۔

یہ واقعہ جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پیش آیا، جب خراب روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا تھا۔

واقعے کے مطابق فیلڈ امپائرز احسن رضا اور الیکس وارف بنگلادیشی ٹیم کے ڈریسنگ روم کی بالکونی کے قریب سے گزر رہے تھے کہ اس دوران توحید ہردوئے کو امپائرز کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے سنا گیا۔

بنگلادیشی بیٹر کا مؤقف تھا کہ خراب روشنی کے باعث کھیل پہلے ہی روک دیا جانا چاہیے تھا، تاہم اس دوران انہوں نے امپائرز سے جارحانہ اور نامناسب انداز میں گفتگو کی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ توحید ہردوئے کو ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق اس خلاف ورزی پر ان کی میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں دو ڈی میرٹ پوائنٹس بھی شامل کردیے گئے ہیں۔