4

کراچی عمارت حادثہ: لاپتا افراد کے لواحقین کا احتجاج، شارع فیصل کے دونوں ٹریک بند

کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت گرنے کے واقعے کے بعد لاپتا افراد کے اہلخانہ نے امدادی کارروائیوں سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شارع فیصل کے دونوں ٹریک بند کردیے، جس کے باعث شہر کی اہم شاہراہ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایڈمن سوسائٹی میں گزشتہ روز زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت منہدم ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کے بعد رات گئے تک ملبے سے 3 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی تھیں، جبکہ 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم لاپتا افراد کے اہلخانہ اور علاقہ مکین امدادی سرگرمیوں کی رفتار سے مطمئن نہیں تھے۔

اسی سلسلے میں لاپتا افراد کے لواحقین شارع فیصل پر جمع ہوگئے اور دونوں اطراف کی سڑکیں بند کردیں۔ مظاہرین نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کردیں جبکہ بعض افراد کے ہاتھوں میں ڈنڈے بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے پیارے عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، لیکن امدادی کارروائیوں میں غفلت برتی جارہی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے مناسب اقدامات نہیں کیے جارہے۔

احتجاج کے باعث شارع فیصل کے دونوں ٹریک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ بعدازاں پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے، جس کے بعد سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔

لاپتا افراد کی فہرست سامنے آگئی

دوسری جانب عمارت حادثے کے بعد لاپتا ہونے والے افراد کی فہرست بھی سامنے آگئی ہے، جن میں محمد وقاص (21 سال)، محمد علی (20 سال)، علی حسن (17 سال)، محمد جبران (30 سال)، وقاص نور (25 سال)، عادل شیر (25 سال)، عباس جعفری (30 سال)، علی شیر (13 سال)، نور احمد (31 سال)، محمد حجیب (30 سال)، محمد ارسلان (17 سال)، عرفان (28 سال)، مفید (22 سال)، اللہ دتو (22 سال)، عابد علی (35 سال)، صغیر علی (18 سال) اور حسیب علی (30 سال) شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حادثے کے وقت ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت میں تعمیراتی کام کے دوران 30 سے 40 مزدور موجود تھے۔ اب تک ملبے سے 3 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ملبے میں دبے دیگر افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔