3

ایران کی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیموں کا دورہ پاکستان، دسمبر میں آمد

ایران کی قومی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں رواں سال دسمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گی، جس کی باضابطہ تصدیق ایرانی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو ایرانی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے آگاہ کردیا گیا ہے کہ ایران کی دونوں قومی ٹیمیں 22 سے 29 دسمبر 2026 تک ایک ہفتے کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی۔

دورے کے دوران ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ مشترکہ تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی، جبکہ دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان پریکٹس میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کا تجربہ فراہم کرنا اور ہاکی کے کھیل میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

پاکستان اور ایران کی ٹیموں کے مشترکہ تربیتی سیشنز سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے اور کھیل کے مختلف پہلوؤں پر کام کرنے کا موقع ملے گا۔

مزید برآں پریکٹس میچز کے ذریعے دونوں ٹیمیں اپنی مسابقتی تیاریوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بھی خود کو تیار کرسکیں گی۔