3

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے دفاع کا اسلام آباد میں اہم اجلاس کل ہوگا: خواجہ آصف

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کا اہم اجلاس کل اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں سعودی عرب اور یمن کے حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری تنازع سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں مسلسل بدامنی اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگی، جسے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔

وزیر دفاع نے واضح کیا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کسی بھی خطرے کو پاکستان اور ترکیہ اپنے لیے بھی خطرہ تصور کریں گے۔ انہوں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء سمیت مختلف علاقوں پر قابض حوثی جنگجوؤں کے ساتھ تنازع سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی حکمت عملی کو بھی سراہا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کے تحت معاملات کو درست سمت دینے کے لیے مسلسل اجلاسوں کی ضرورت ہے۔ آئندہ چند ماہ میں تمام انتظامات مکمل کرکے معاہدے پر مزید پیش رفت کی جائے گی۔

انہوں نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے کسی تنازع یا جارحیت کا امکان موجود ہے، اس لیے خطے کے ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔