3

جنوبی پنجاب کی محرومی کے نام پر سیاست کرنے والوں کی دکان بند کردی: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی محرومی کے نام پر سیاست کرنے والے یہاں سے کامیاب ہوکر اپنے محلات میں بیٹھ جاتے تھے، ان کا مقصد عوام کی محرومی ختم کرنا نہیں بلکہ اپنی سیاسی دکان چلانا تھا۔

ملتان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر یہ لوگ جنوبی پنجاب کی محرومی ختم کردیتے تو ان کی سیاسی دکان بھی بند ہوجاتی، تاہم مسلم لیگ (ن) نے ان کی دکان بند کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے نعرے لگانے والے صرف گناہ گار نہیں بلکہ عوام کے مجرم ہیں۔ ہمارے لیے پورا پنجاب برابر ہے اور صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت اب تک ڈھائی لاکھ گھر تعمیر ہوچکے ہیں، جبکہ پانچ سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہری جتنا کرایہ ادا کرتے تھے، اب اس سے بھی کم ماہانہ قسط پر اپنے گھر کے مالک بن رہے ہیں۔ اپنی چھت اپنا گھر دنیا کا سب سے سستا اور تیز ترین منصوبہ ہے اور اس کی کامیابی کا دنیا اعتراف کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دنیا کے ریکارڈ توڑے گا، اب وعدوں کا موسم گزر چکا ہے اور وعدوں کی تکمیل کا وقت آگیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ جن افراد کے پاس اپنا گھر نہیں وہ اسکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، انہیں گھر کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قرضوں کی واپسی کی شرح 97.6 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 312 ارب روپے نئے گھروں کی تعمیر پر خرچ کیے جارہے ہیں۔