11

ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں، ڈنڈے کا راج ہے: سراج الحق

سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں بدامنی اور ناانصافی کا راج ہے، جبکہ غریب عوام بھوک، افلاس، غربت اور دہشت گردی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔

تونسہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کے بجائے ڈنڈے کا راج قائم ہے۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں رات کے وقت مرکزی شاہراہیں بند ہوجاتی ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پہلے بھی گورنر کی حکمرانی تھی، تاہم اب شب خون مار کر گورنر راج قائم کردیا گیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک کے عوام غربت، مہنگائی، بدامنی اور ناانصافی سے نجات چاہتے ہیں۔ نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اب حکومتی نمائندے بھی اعتراف کررہے ہیں کہ ملک کا نظام بیٹھ چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کبھی نظام کی بحالی کی باتیں کی جاتی ہیں، جبکہ پنجاب میں پولیس گردی اور سرداری نظام کا راج ہے۔