8

پی ٹی آئی میں اہل اور تجربہ کار رہنماؤں کو نظرانداز کیا گیا: بیرسٹر سیف

سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی میں سنجیدہ، تجربہ کار اور اہل رہنماؤں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا کی ملاقاتیں خوش آئند اور نیک شگون ہیں، امید ہے کہ اس پیش رفت کے بعد پی ٹی آئی کے خلاف سختیوں میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی میں فیصلہ سازی کا عمل اہل اور تجربہ کار قیادت کے ہاتھ میں ہونا چاہیے، جبکہ سنجیدہ اور باصلاحیت رہنماؤں کو دوبارہ آگے لانے کی ضرورت ہے۔

بیرسٹر سیف کے مطابق مؤثر قیادت سامنے آنے سے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور گروپ بندی ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ سیاسی انتشار میں کمی لانے کے لیے بھی اہل قیادت ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پی ٹی آئی کو دانشمندانہ فیصلے کرنے اور ذاتی اختلافات کے بجائے اجتماعی مفاد کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ پارٹی کے اندر مشاورت اور اتفاق رائے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کرنا ہوگی، سیاسی معاملات محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں، جبکہ پارٹی کی مضبوطی کے لیے سنجیدہ سیاسی حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔