10

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

این ڈی ایم اے نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور گجرات میں بھی مختلف مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری متوقع ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم خضدار، لسبیلہ اور شمال مشرقی علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ کراچی، ملیر اور جنوبی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بالائی اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے احتیاط کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور برفباری کے دوران ڈرائیونگ سے اجتناب کریں۔ سفر سے قبل موسمی صورتحال اور سڑکوں کی حالت سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔