10

راولپنڈی: تیز رفتار کار نے دو لڑکیوں کی جان لے لی

راولپنڈی کے علاقے مری روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے سڑک عبور کرنے والی دو لڑکیاں جاں بحق ہوگئیں، جبکہ حادثے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہوگیا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں لڑکیاں رحمان آباد میں نادرا آفس کے سامنے مری روڈ عبور کررہی تھیں کہ اسی دوران چاندنی چوک کی جانب سے آنے والی تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر مار دی۔

حادثے کے نتیجے میں ایک لڑکی موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ دوسری کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکی۔

جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت تنشا خالد اور ثنا سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں آپس میں رشتے دار تھیں اور رحمان آباد میں واقع ایک نجی میڈیکل بلنگ کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں۔

متوفیہ تنشا خالد کے والد خالد حسین کے مطابق ان کی بیٹی اور ہونے والی بہو ثنا سلیم ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد ہاسٹل جانے کے لیے سڑک عبور کررہی تھیں کہ صدر کی جانب سے آنے والی سیاہ رنگ کی ہنڈا کار نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی روکنے کے بجائے فیض آباد کی جانب فرار ہوگیا۔

خالد حسین کا کہنا تھا کہ جب وہ اسپتال پہنچے تو دونوں لڑکیاں دم توڑ چکی تھیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ خالد حسین کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے کار سوار کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔