12

مشکل کنڈیشنز کے باوجود پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی شاندار رہی: مائیک ہیسن

مشکل کنڈیشنز کے باوجود پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی اطمینان بخش رہی، بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں اوسط 50 سے زائد ہے، مائیک ہیسن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پہلے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب روشنی اور مشکل کنڈیشنز کے باوجود پاکستانی بلے بازوں نے تین سے زائد کے رن ریٹ سے بیٹنگ کی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا، بالخصوص ثاقب خان کی شاندار کارکردگی اور غازی غوری کے وکٹوں کے پیچھے بہترین کیچز کی تعریف کی۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم بھی عمدہ فارم میں ہیں، رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بیٹنگ اوسط 50 سے زائد ہے، جو اس عرصے میں سب سے زیادہ ہے۔

مائیک ہیسن نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد حریف ٹیم کی تمام 20 وکٹیں حاصل کرنے کا پورا موقع حاصل کرنا تھا۔

موسمی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنک بال مستقبل میں ایک اچھا آپشن ثابت ہوسکتی ہے، تاہم کسی بھی جاری سیریز کے دوران اسے اچانک متعارف نہیں کرایا جاسکتا۔