8

وزیراعظم شہباز شریف سے بیرک مائننگ کے اعلیٰ سطح وفد کی اہم ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ریکوڈک منصوبے کی پیشرفت، معدنی وسائل کی ترقی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور ان وسائل سے مؤثر انداز میں استفادہ کرکے صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبوں سے مقامی سطح پر روزگار، ہنرمندی اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس موقع پر بیرک مائننگ کارپوریشن کے وفد نے پاکستان میں منرل کانفرنس کے انعقاد کو معدنی شعبے کی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ وفد نے کراچی اور گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام کے لیے سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔