امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے پر تذبذب کا شکار ہوگئے ہیں اور مبینہ طور پر انتخابی دوڑ سے باہر رہنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ نائب صدر وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کو ایران جنگ کا نتیجہ سمجھتے ہیں، جس کے باعث وہ آئندہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جے ڈی وینس کو 2028 کے صدارتی انتخابات کے لیے ری پبلکن پارٹی کا مضبوط ممکنہ امیدوار تصور کیا جاتا ہے اور پارٹی کی پرائمری میں ان کی کامیابی کے امکانات بھی زیرِ بحث ہیں۔
جے ڈی وینس کے قریبی ذرائع کے مطابق نائب صدر ماگا تحریک کو دوبارہ متحد کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، تاہم وہ اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا اس تحریک کی قیادت کے لیے خود صدارتی امیدوار بننا ضروری ہے یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران جنگ ری پبلکن پارٹی کے لیے 2028 کے انتخابات میں ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔ وینس کے حامیوں کا خیال ہے کہ اگر ٹرمپ انتظامیہ ایران جنگ ختم کرنے میں ناکام رہتی ہے تو آئندہ انتخابات میں ری پبلکن امیدواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب وسط مدتی انتخابات میں شکست کے بعد جے ڈی وینس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انتخابی ناکامی کا ذمہ دار ایران جنگ کو قرار دیا تھا، جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ناراضی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق جے ڈی وینس کے لیے مستقبل کا اہم چیلنج ٹرمپ کے حامیوں اور ماگا تحریک کو متحد رکھنا ہوگا۔ تاہم نائب صدر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد خود کو روایتی سیاسی نظام سے باہر کا امیدوار ثابت کرنا ان کے لیے آسان نہیں ہوگا۔
جے ڈی وینس کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ ابھی کم عمر ہیں اور اگر موجودہ سیاسی حالات میں صدارتی کامیابی ممکن نہ ہوئی تو مستقبل میں دوبارہ انتخاب لڑنے کا فیصلہ بھی کرسکتے ہیں۔









