2

زمین سے نکلنے والے سونے نے آسٹریلوی شہری کی زندگی بدل دی

آسٹریلیا میں ایک شوقیہ سونا، قیمتی پتھر اور دھاتیں تلاش کرنے والے شخص کو سونے کی ایک غیر معمولی ڈلی ملی ہے، جس کی مالیت ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے شمال مغربی علاقے میں ہونے والی اس دریافت نے سونے کی تلاش میں دلچسپی رکھنے والوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کے مطابق یہ ڈلی ٹیبوبرّا کے قریب ماؤنٹ اسٹورٹ اسٹیشن پر ملی، اس کا مجموعی وزن 1,200 گرام سے زیادہ ہے، جب کہ جانچ کے مطابق اس میں تقریباً 940 گرام خالص سونا موجود ہے۔ ڈلی میں کوارٹز کے ذرات بھی شامل ہیں۔

اس شخص نے بتایا کہ اس طرح کی تلاش کے دوران اکثر بے کار اشیا ہی ہاتھ آتی ہیں۔ تاہم، اس بار زمین میں دھات تلاش کرنے والی مشین سے ملنے والے سگنل نے اسے مزید کھدائی کرنے پر آمادہ کیا۔

اس کے بقول، مٹی ہٹانے کی پہلی یا دوسری کوشش کے دوران ہی اسے گڑھے کے درمیان ایک چمک دار پیلا نقطہ دکھائی دیا، اس نے ڈلی کو نکالنے کے بعد امید ظاہر کی کہ یہ محض رنگ کیا ہوا پتھر نہ ہو بلکہ حقیقت میں سونا ہی ہو۔

جب آلو کے سائز کے اس سنہری ٹکڑے کی جانچ کی گئی تو پتہ چلا کہ کوارٹز کے ذرات والی اس سونے کی ڈلی کا مجموعی وزن 1,200 گرام یعنی تقریباً 1.2 کلوگرام ہے، جب کہ جانچ کے مطابق اس میں تقریباً 940 گرام خالص سونا موجود ہے۔

موجودہ مارکیٹ قیمت کے حساب سے اس کی مالیت ڈیڑھ لاکھ سے ایک لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر کے درمیان ہے۔ تاہم، اگر اسے کسی کلیکٹر کو فروخت کیا جائے تو اس کی قیمت دو لاکھ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس آلو نما سونے کے ٹکڑے کو اس کی دریافت کے مقام کی مناسبت سے ’’ٹیبوبرّا اسپاڈ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

بروکن ہل میں سونے کی تلاش سے متعلق سامان فروخت کرنے والے گریگ اسپینگلر کے مطابق، ایک کلو سے زیادہ وزنی سونے کی ڈلی ملنا انتہائی غیر معمولی ہے۔ وہ گزشتہ 20 سال سے زائد عرصے میں ایسی بڑی ڈلی ملنے کی صرف ایک اور مثال دیکھ چکے ہیں۔ عام طور پر سونے کی تلاش کرنے والوں کو چھوٹے ذرات یا کم وزن کی ڈلیاں ملتی ہیں۔

ان کے مطابق، سونے کی اترتی چڑھتی قیمتوں نے اس مشغلے میں لوگوں کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔ رواں سال جنوری میں سونے کی قیمت تقریباً 8 ہزار امریکی ڈالر فی ٹرائے اونس تک پہنچ گئی تھی، جب کہ رپورٹ کے مطابق بعد میں قیمت کم ہوکر تقریباً 5,700 ڈالر فی ٹرائے اونس رہ گئی۔ ایک ٹرائے اونس تقریباً 31.1 گرام کے برابر ہوتا ہے۔

ٹیبوبرّا میں سونے کی تلاش کی تاریخ 1880 کی دہائی کے آخری برسوں تک جاتی ہے اور یہ علاقہ آج بھی سیاحوں اور سونے کی تلاش میں دلچسپی رکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ تاہم، علاقے کے بعض مقامات پر سونے کی تلاش کی اجازت نہیں، جب کہ ماؤنٹ اسٹورٹ اور گم ویل اسٹیشنوں پر مقررہ فیس ادا کرکے یہ سرگرمی کی جا سکتی ہے۔