3

ملک بھر میں موسم خشک رہے گا یا بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں سردی برقرار رہے گی۔ چترال، سوات، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

جمعرات کے روز بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس کی جائے گی۔

اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں موسم کیسا رہے گا؟

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی رہے گی۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت سردی ہوگی۔ چترال، سوات اور گردونواح میں رات کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب، مری اور گلیات میں بارش کا امکان

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں رات کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے کے علاوہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔

سندھ اور بلوچستان میں موسم کی صورتحال

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے جبکہ دن کے اوقات میں موسم گرم ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم صوبے کے شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہے گی۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور موسم سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

ملک کے سرد ترین علاقوں کا درجہ حرارت

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا۔

رپورٹ کے مطابق لہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیارت اور اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔