وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے چھوٹے کاروباروں، کسانوں، برآمد کنندگان اور کم آمدن والے طبقات کو آسان مالی سہولتوں کی فراہمی مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرضوں کے ثمرات حقیقی مستحقین تک پہنچانا ضروری ہے۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت رسائیِ مالیات اسٹیئرنگ کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں، زراعت، برآمدات، ہاؤسنگ اور وزیراعظم کی مختلف اسکیموں کے تحت سستے قرضوں کی فراہمی میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 23 اکتوبر تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے قرضوں کا حجم 1,148 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ چھوٹے کاروباروں کو مجموعی طور پر 538 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کی جاچکی ہے۔
لاکھوں کسانوں کو زرعی قرضوں کی فراہمی
اجلاس میں بتایا گیا کہ زرعی قرضوں کی مختلف اسکیموں کے تحت کسانوں کو مالی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ زرخیز آسان زرعی قرضہ اسکیم کے تحت 8 ارب 67 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے 20 ہزار 176 قرضوں کی منظوری دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ چھوٹے کسانوں کو 2 ارب 34 کروڑ روپے کے 6 ہزار 132 بلا ضمانت قرضے جاری کیے گئے۔ بریفنگ کے مطابق ملک میں زرعی قرضوں کا مجموعی حجم 1,329 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ تقریباً 35 لاکھ قرض دار ان سہولتوں سے مستفید ہوئے ہیں۔
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام میں پیش رفت
اجلاس کو وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت 511 ارب روپے مالیت کے 86 ہزار 896 قرضوں کی منظوری دی جاچکی ہے، جبکہ 91 ارب روپے کے 15 ہزار 584 قرضے جاری کیے گئے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق ملک میں ہاؤسنگ فنانسنگ کا مجموعی حجم 455 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے اور تقریباً 2 لاکھ 41 ہزار 500 افراد اس سہولت سے مستفید ہوئے ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہاؤسنگ فنانسنگ، بالخصوص وزیراعظم اپنا گھر پروگرام میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
الیکٹرک گاڑیوں کیلئے 21 ہزار سے زائد قرضوں کی منظوری
اجلاس میں وزیراعظم کی پاکستان ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن اسکیم پر بھی غور کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق اسکیم کے تحت 3 ارب 6 کروڑ روپے مالیت کے 21 ہزار 918 قرضوں کی منظوری دی گئی ہے۔
الیکٹرک گاڑیوں کیلئے ایک ارب 9 کروڑ 30 لاکھ روپے کے 5 ہزار 506 قرضے جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ 3 ہزار 263 الیکٹرک گاڑیاں صارفین کے حوالے کی گئی ہیں۔
وزیر خزانہ کی قرضوں کا عمل مؤثر بنانے کی ہدایت
محمد اورنگزیب نے متعلقہ مالیاتی اور سرکاری اداروں پر زور دیا کہ چھوٹے کاروباروں اور زرعی شعبے کیلئے قرضوں کی فراہمی میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ کاروباری افراد، کسانوں اور کم آمدن والے طبقات کو مالی سہولتوں تک آسان رسائی مل سکے۔
انہوں نے ڈیجیٹل قرضوں کے فروغ کیلئے محفوظ ڈیٹا شیئرنگ، صارفین کی رازداری کے تحفظ اور قرض لینے والوں کی مالی حیثیت جانچنے کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں اس بات پر توجہ دی گئی کہ آسان قرضوں کی اسکیموں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کیا جائے تاکہ چھوٹے کاروباروں کی ترقی، زرعی پیداوار میں اضافے، گھر کی ملکیت کے مواقع اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں مدد مل سکے۔









