برازیل کے ایمازون جنگلات میں کئی دہائیوں سے بیرونی دنیا سے الگ تھلگ زندگی گزارنے والے آوا قبیلے کے افراد اچانک سامنے آگئے اور خوراک کی درخواست کردی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کی ریاست مارانیاؤ میں آوا قبیلے کے تقریباً 20 افراد ایک مقامی گاؤں کے قریب قائم سرکاری چوکی پر پہنچے، جہاں انہوں نے اشاروں کے ذریعے خوراک مانگی۔
انسانی حقوق کی تنظیم سروائیول انٹرنیشنل کے مطابق 50 سال سے زائد عرصے میں یہ قبیلے کے ان افراد کا بیرونی دنیا سے پہلا دانستہ رابطہ تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں قبیلے کے افراد کو تیر اور کمان اٹھائے دیکھا جاسکتا ہے، جو اشاروں کے ذریعے اپنی خوراک کی ضرورت ظاہر کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق انہیں خوراک میں شکرقندی فراہم کی گئی، جس کے بعد وہ دوبارہ جنگل میں واپس چلے گئے۔
ماہرین نے آوا قبیلے کی بقا سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور بیرونی افراد کی مداخلت سے ان کی زندگی اور قدرتی ماحول کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
ماہرین کے مطابق بیرونی دنیا سے رابطے کے نتیجے میں متعدی بیماریاں بھی ایسے الگ تھلگ قبائل کے لیے بڑا خطرہ بن سکتی ہیں، کیونکہ ان کے جسم میں عام بیماریوں کے خلاف مدافعت محدود ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب برازیلی حکام نے قبیلے کے تحفظ کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے قبائل کی بقا کے لیے ان کے قدرتی ماحول اور تنہائی میں زندگی گزارنے کے حق کا تحفظ انتہائی ضروری ہے









