انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کو 101 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کے 276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی پوری ٹیم 174 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ احمد حسین کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
عمان کے الامیرات کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے اور نیپال کو جیت کے لیے 276 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے فرحان یوسف اور احمد حسین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ فرحان یوسف نے 74 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ احمد حسین 89 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے۔
کپتان فرحان یوسف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالا، جبکہ احمد حسین نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
حسنین عباس ڈار نے 25 رنز بنائے، جبکہ جہانگیر بلال 22 اور محمد عثمان 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 275 رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔
نیپال کی جانب سے بپن شرما نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سوشل راول نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیپال کی بیٹنگ لائن ناکام
276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم 43.4 اوورز میں 174 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
نیپال کی جانب سے روہت چاند نے 37 رنز بنائے، نیرج کمار یادیو 29، ابھے یادیو 23، سوریانشو کوئرالہ 22 اور درش سونار 20 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ محمد صیام اور محمد حذیفہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ رضوان اللہ اور جہانگیر بلال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
احمد حسین کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کی مسلسل تیسری کامیابی، سیمی فائنل میں رسائی پہلے ہی حاصل
پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان ابتدائی دو میچز جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا تھا۔
گروپ اے میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم بھی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرے گی، جبکہ گروپ بی سے افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔









