6

کانگو: بغاوت اور فوجی احکامات سے انکار پر 66 فوجیوں کو سزائے موت سنا دی گئی

وسطی افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں فوجی عدالت نے بغاوت، بزدلی اور فوجی احکامات کی خلاف ورزی کے الزامات پر 66 فوجیوں کو سزائے موت سنا دی، جبکہ 4 اہلکاروں کو بری اور ایک کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی صوبے شمالی کیوو کے علاقے والیکالے میں فوجی عدالت نے 71 اہلکاروں کے خلاف مقدمے کی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ سنایا۔

گرفتار فوجیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے 20 اکتوبر کو باغی جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اپنی پوزیشنیں چھوڑ دیں اور میدان جنگ سے فرار ہوگئے تھے۔

فوجی حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد مسلح گروہوں کے خلاف لڑنے والے اہلکاروں میں نظم و ضبط بہتر بنانا اور فوجی احکامات کی پابندی یقینی بنانا ہے۔

مشرقی کانگو میں باغی گروہوں کے خلاف لڑائی جاری

واضح رہے کہ مشرقی کانگو میں کئی دہائیوں سے مسلح تنازع جاری ہے، جہاں سرکاری فوج کو ایم 23 سمیت متعدد باغی گروہوں کے خلاف لڑائی کا سامنا ہے۔ باغی اتحاد فرنٹ فار دی ریفاؤنڈیشن آف دی نیشن (ایف آر این) میں ایم 23 گروپ بھی شامل ہے۔

کانگو کی فوج طویل عرصے سے بدانتظامی، ناقص نظم و ضبط اور تنظیمی مسائل کا شکار رہی ہے، جبکہ فوجیوں کی جانب سے کم تنخواہوں اور ناکافی فوجی سازوسامان کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ بھی باغیوں کے خلاف لڑائی کے دوران اگلے مورچوں سے پسپائی اختیار کرنے پر 27 فوجیوں کو بزدلی کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

کانگو میں سزائے موت پر عائد پابندی ختم

کانگو کی حکومت نے مارچ 2024 میں تقریباً 20 سال سے عائد سزائے موت پر پابندی ختم کردی تھی۔ حکومتی مؤقف کے مطابق فوج میں غداری کے علاوہ بغاوت، مسلح گروہوں کی حمایت اور جنگی جرائم میں ملوث افراد کو بھی سزائے موت دی جاسکتی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے سزائے موت بحال کرنے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ پابندی ختم ہونے کے بعد بھی تاحال کسی مجرم کو باقاعدہ طور پر پھانسی نہیں دی گئی۔

فرانسیسی نشریاتی ادارے کے مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق 2025 کے آغاز سے اب تک کم از کم 507 فوجیوں کو مختلف مقدمات میں سزائیں سنائی جاچکی ہیں، جن میں 381 کو سزائے موت بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں کانگو کے سابق صدر جوزف کابیلا کو جنگی جرائم اور غداری سمیت مختلف الزامات کے تحت ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ تاہم انہوں نے الزامات مسترد کردیے تھے۔