7

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن؛ 700 کلو گرام بارود، الفاروق میزائل اور دیگر اسلحہ برآمد

شمالی وزیرستان (نیوز ڈیسک) — سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بڑی مقدار میں میزائل، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور تخریب کاری کے دیگر آلات برآمد کر لیے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے کارروائیوں کے دوران مزید 62 گھروں اور متعدد مشکوک کمپاؤنڈز کی مکمل تلاشی لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران گاؤں اپی سے حیدر خیل تک 17، مسکی میں 28 جبکہ دیگر علاقوں میں 17 کمپاؤنڈز کو کلیئر کیا گیا، اس کے علاوہ حسو خیل میں کارروائی کرتے ہوئے 14 ٹارگٹ مقامات کو بھی مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ موساکی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 700 کلو گرام جب کہ حسو خیل سے 1 'الفاوق' میزائل، 200 کلو گرام یوریا کھاد اور دھماکا خیز مواد بنانے میں استعمال ہونے والے متعلقہ آلات برآمد کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی حکام کا عزم ہے کہ علاقے سے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے اور ان کے چھپے ہوئے ٹھکانوں کے صفائے تک یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔