11

کہیں بارش تو کہیں برفباری، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں رات کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔

موسمی پیشگوئی کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔