گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین سے متعلق وفاقی حکومت کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو واپس جانا ہوگا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے فراہم کر رہے ہیں، جس میں سے 70 فیصد رقم ان علاقوں میں خرچ کی جائے گی جو ماضی میں محرومیوں کا شکار رہے ہیں۔ ضم اضلاع کو بھی ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کے معاملے پر وفاقی حکومت کی پالیسی اپنائی جائے گی اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملک واپس جانا ہوگا۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم صوبے میں امن کے قیام کے لیے تمام فریقین کو متحد ہونا پڑے گا۔ صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے اور اس کا تشخص بہتر کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ کسی کے خلاف کرپشن کے الزامات سامنے آئے تو کارروائی ہوگی، جبکہ کسی پر جرم ثابت ہونے کی صورت میں اسے قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک سزا اور جزا کا نظام مؤثر نہیں ہوگا، حالات بہتر نہیں ہو سکتے۔









