بنگلا دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنا لیے۔ اوپنر شادمان اسلام 99 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ خراب روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا۔
میرپور میں کھیلے جا رہے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں شادمان اسلام نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 219 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 99 رنز بنائے۔ دوسرے اینڈ پر لٹن داس 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
شادمان اسلام اور توحید ہردوئے کی اہم شراکت
بنگلا دیش کی جانب سے توحید ہردوئے نے 42 رنز اسکور کیے، تاہم پٹھوں میں کھنچاؤ کے باعث انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر میدان سے باہر جانا پڑا۔
شادمان اسلام اور توحید ہردوئے نے چوتھی وکٹ کیلئے 88 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس سے میزبان ٹیم کو ابتدائی نقصان کے بعد سنبھلنے کا موقع ملا۔
ویسٹ انڈیز کی 3 وکٹیں، واریکن کی 2 کامیابیاں
ویسٹ انڈیز نے بنگلا دیش کی پہلی وکٹ 9 رنز پر حاصل کی، جب تنزید حسن جےڈن سیلز کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
مومن الحق نے 28 رنز بنائے، جبکہ کپتان نجم الحسن شانتو 19 رنز بنا کر جومیل واریکن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل واریکن نے 33 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جےڈن سیلز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خراب روشنی کے باعث کھیل ختم
ابتدائی روز کھیل کے دوران خراب روشنی کے باعث تقریباً ایک گھنٹے کا تعطل بھی آیا۔ صورتحال بہتر نہ ہونے پر امپائرز نے دن کے کھیل کے اختتام کا اعلان کردیا۔
کھیل کے اختتام پر بنگلا دیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنا رکھے تھے، جبکہ شادمان اسلام اپنی سنچری سے صرف ایک رن دور تھے۔









