1

بالی ووڈ میں 3 دہائیاں مکمل: رانی مکھرجی کو میلبورن فلم فیسٹیول میں اعلیٰ ترین اعزاز سے نواز دیا گیا

معروف بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی کو بھارتی فلم انڈسٹری میں شاندار 3 دہائیاں (30 سال) مکمل کرنے پر آسٹریلیا میں منعقدہ ’انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن‘ (IFFM) میں ایک بڑے اور معتبر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فیسٹیول کی خصوصی تقریب میں 48 سالہ اداکارہ کو فلمی دنیا میں بے مثال کارکردگی کے اعتراف میں ”اسپیشل سائیٹیشن فار ایکسی لینس ان ایکٹنگ“ کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ اعزاز بھارتی سنیما کے لیے ان کی گراں قدر خدمات اور ہندی زبان کے شاہکاروں کو عالمی سطح پر روشناس کروانے پر پیش کیا گیا۔ تقریب کے دوران ان کی شہرۂ آفاق فلموں بالخصوص ’بلیک‘، ’مردانی‘ اور ’مسز چٹرجی ورسز ناروے‘ میں ان کی لاجواب اداکاری اور سماجی فلاحی کاموں کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

عالمی اعزاز وصول کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رانی مکھرجی نے کہا کہ کم عمری میں اپنے کیریئر کا آغاز کرتے وقت انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کے کردار سمندر پار آسٹریلیا تک لوگوں کے دلوں میں گھر کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک فنکار کے لیے اصل کامیابی یہی ہے کہ اس کی اداکاری کسی کے دل کو چھو جائے، اور گزشتہ 30 سالوں کے دوران دنیا بھر سے ملنے والی محبت ان کے لیے باعثِ فخر اور عاجزی کا سبب ہے۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق رانی مکھرجی جلد بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ نئی ایکشن تھرلر فلم ’کنگ‘ میں جلوہ گر ہوں گی، جس کی 24 دسمبر 2026ء کو دنیا بھر میں نمائش متوقع ہے۔