4

راجپال یادیو پر قرض کا بحران، جائیداد نیلامی کا خطرہ منڈلانے لگا

معروف بھارتی اداکار راجپال یادیو قرض کی عدم ادائیگی کے باعث نئی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں، جہاں بینک نے ان کی آبائی جائیداد پر ضبطی کا نوٹس چسپاں کرتے ہوئے مقررہ مدت میں ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں نیلامی کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجپال یادیو پر واجب الادا قرض، سود اور دیگر چارجز سمیت بڑھ کر 16 کروڑ 61 لاکھ روپے تک پہنچ چکا ہے۔ بینک نے خبردار کیا ہے کہ اگر 34 دن کے اندر بقایا رقم ادا نہ کی گئی تو 9 ستمبر کو گروی رکھی گئی جائیدادوں کی آن لائن نیلامی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق ضبطی کا نوٹس اتر پردیش کے ضلع شاہجہاں پور کے گاؤں کندرا میں واقع اداکار کی آبائی رہائش گاہ پر چسپاں کیا گیا ہے، جبکہ شاہجہاں پور کی ایک اور جائیداد بھی وصولی کی کارروائی میں شامل ہے۔ دونوں جائیدادوں کی مجموعی مالیت تقریباً 3 کروڑ 19 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

بینک کا مؤقف ہے کہ یہ جائیدادیں قرض کے عوض گروی رکھی گئی تھیں، اس لیے واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں انہیں ای نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جا سکتا ہے۔ تاہم راجپال یادیو کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بینک کے ساتھ معاملے کے حل کے لیے بات چیت جاری ہے۔

یاد رہے کہ راجپال یادیو نے 2005 میں اپنے والدین کے نام پر ایک پروڈکشن کمپنی قائم کی تھی اور اپنی پہلی ہدایت کاری پر مبنی فلم کی تیاری کے لیے سینٹرل بینک آف انڈیا سے 5 کروڑ روپے قرض حاصل کیا تھا۔

فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی، جس کے باعث قرض کی بروقت ادائیگی ممکن نہ رہی اور وقت گزرنے کے ساتھ سود اور دیگر واجبات شامل ہونے سے قرض کی مجموعی رقم 16 کروڑ 61 لاکھ روپے تک جا پہنچی۔