4

فلم ’’میرا لیاری‘‘ آسکر ایوارڈز کی دوڑ میں شامل

سندھ حکومت کے زیرِ اہتمام تیار کی گئی فلم ’’میرا لیاری‘‘ آسکر ایوارڈز کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے، جسے پاکستان کی فلمی صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق اگر فلم آسکر کی باضابطہ نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ پاکستان کی فلمی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

یہ پیش رفت سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے فلم بورڈ کے اجلاس میں سامنے آئی، جہاں صوبے میں فلم انڈسٹری کے فروغ، جاری فلمی منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ اطلاعات کے تحت جاری فلمی منصوبوں کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے، جبکہ قومی اور بین الاقوامی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے ساتھ فلموں کی نمائش اور تقسیم کے حوالے سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت فلم، ثقافت اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق فلمی شعبہ نہ صرف ثقافتی ورثے اور مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرتا ہے بلکہ روزگار، سرمایہ کاری اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے مواقع بھی پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سندھ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مضبوط فلم سازی مرکز بنایا جائے تاکہ مقامی فنکاروں اور فلم سازوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکے۔

اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے اعلیٰ حکام اور فلم بورڈ کے اراکین نے شرکت کی، جہاں مستقبل کے فلمی منصوبوں اور تخلیقی شعبے کی ترقی کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔