پیٹ اور کمر کے گرد جمع ہونے والی چربی، جسے طبی زبان میں ویسرل فیٹ کہا جاتا ہے، صحت کے لیے خطرناک سمجھی جاتی ہے کیونکہ یہ جسم کے اہم اعضا کو متاثر کر سکتی ہے اور دل کے امراض، ذیابیطس سمیت دیگر سنگین بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔
تاہم نئی طبی تحقیق میں اس چربی کو کم کرنے کے لیے ایک آسان طریقہ سامنے آیا ہے۔ تحقیق کے مطابق ہفتے میں صرف ایک بار تیز رفتاری سے چہل قدمی کرنے سے بھی جسمانی چربی کم کرنے اور جسمانی فٹنس بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
ہانگ کانگ یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی تحقیق میں 315 ایسے افراد کو شامل کیا گیا جو موٹاپے کا شکار تھے۔ یہ تحقیق ستمبر 2021 سے ستمبر 2024 تک جاری رہی، جس میں شرکا کو تین مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
ایک گروپ کو ہفتے میں ایک بار تیز واک کی ہدایت دی گئی، دوسرے گروپ نے ہفتے میں تین بار یہ ورزش کی، جبکہ تیسرے گروپ کو ورزش سے دور رکھا گیا۔
محققین نے شرکا کے جسمانی چربی کے تناسب اور کارڈیو ریسیپٹری فٹنس کا جائزہ تحقیق کے آغاز، 16 ہفتوں اور 32 ہفتوں بعد لیا۔
تحقیق کے نتائج میں سامنے آیا کہ ہفتے میں ایک بار تیز رفتاری سے چہل قدمی کرنے والے افراد میں بھی جسمانی چربی میں کمی اور فٹنس میں بہتری دیکھی گئی، جو ہفتے میں تین بار ورزش کرنے والے افراد کے نتائج سے تقریباً ملتی جلتی تھی۔
ماہرین کے مطابق اگر کسی شخص کے لیے روزانہ ورزش کرنا مشکل ہو تو ہفتے میں ایک بار تیز واک کو معمول بنا کر بھی صحت کے لیے مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
تحقیق میں شامل چہل قدمی کے طریقہ کار میں تیز رفتار واک، معمول کی رفتار اور دوبارہ تیز رفتار واک شامل تھی۔ اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے "نیچر کمیونیکیشنز" میں شائع کیے گئے ہیں۔









