11

ادویات کی قیمتوں پر حکومت کا بڑا اقدام، محمد اورنگزیب نے اہم ہدایات جاری کردیں

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ادویات کی قیمتوں کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں ادویات کی قیمتوں، دستیابی اور مریضوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر صحت مصطفیٰ کمال، وزیر دفاعی پیداوار اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ڈریپ حکام کی جانب سے نئی ادویات کی قیمتوں کے تعین، ہارڈشپ کیسز اور ضروری ادویات کی دستیابی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی قیمتوں سے متعلق تمام فیصلے شفاف، شواہد پر مبنی اور مشاورتی عمل کے ذریعے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ضروری ادویات کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں کے تعین میں عوامی مفاد، مریضوں کی مالی استطاعت اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے استحکام کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ اہم ادویات سے متعلق کیے جانے والے فیصلوں کی وجوہات عوام کے سامنے واضح اور مؤثر انداز میں پیش کی جائیں تاکہ اعتماد میں اضافہ ہو۔

کابینہ کمیٹی نے ڈریپ کی سفارشات اور ادویات کی قیمتوں سے متعلق مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ادویات کی قیمتوں کے نظام میں شفافیت، عوامی اعتماد اور مریضوں کے مفادات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

حکومت کے اس اقدام کو صحت کے شعبے میں قیمتوں کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو مناسب قیمت پر ضروری ادویات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔