لندن (نیوز ڈیسک): برطانیہ میں بچوں کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت آئندہ برس اپریل سے 16 برس سے کم عمر بچوں کو انرجی ڈرنکس کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، نئی قانون سازی کے بعد 150 ملی گرام فی لیٹر سے زیادہ کیفین رکھنے والی انرجی ڈرنکس کا کم عمر بچوں کو فروخت کرنا غیر قانونی ہوگا۔ یہ پابندی نہ صرف عام دکانوں اور آن لائن خریداری پر لاگو ہوگی، بلکہ ریسٹورنٹس، کیفے اور وینڈنگ مشینوں سے بھی بچوں کے لیے ان مشروبات کا حصول ممکن نہیں رہے گا۔
واضح رہے کہ برطانوی حکومت کی جانب سے بچوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات میں یہ ایک اور اہم پیش رفت ہے۔ اس سے قبل برطانیہ میں کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر بھی پابندی لگائی جا چکی ہے، جس کا مقصد بچوں کو ڈیجیٹل اور جسمانی دونوں سطحوں پر محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔









