66

بنوں: تھانہ ڈومیل پر خودکش حملہ ناکام، 10 شہری شہید، 4 زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ ڈومیل پر خوارج کا بزدلانہ خودکش حملہ ناکام بنا دیا گیا، جس کے نتیجے میں 10 شہری شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے تھانے کے باہر سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ شہید ہونے والوں میں 7 خواتین، ایک بچہ اور 2 مرد شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں طبی امداد جاری ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد متاثرہ عمارت کا ملبہ ہٹانے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بہترین حفاظتی اقدامات کی بدولت تھانہ ڈومیل پر حملہ ناکام رہا، تاہم خوارج کی بزدلی کی وجہ سے عام شہریوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔

علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی فورسز نے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ یہ عناصر بنوں کے امن پسند عوام کو دہشت گردی میں جھونکنا چاہتے ہیں، تاہم ان خوارج کا خاتمہ یقینی ہے اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔