4

بابر، رضوان اور شاہین ہمیشہ پاکستان کی جیت میں اہم رہے، سلمان علی آغا

لاہور: پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ٹیم کی ترجیح اب ماڈرن کرکٹ کھیلنا ہے، اور ہار کے خوف کو ذہن سے نکالنا ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بنگلا دیش سمیت کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی، ہر حریف کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ لاہور کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم میں ایک اضافی فاسٹ بولر کو شامل کیا گیا ہے۔

کپتان نے کہا کہ شاہین آفریدی، بابر اعظم اور محمد رضوان نے ہمیشہ پاکستان کی کامیابیوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ہم نئے کھلاڑیوں کو مواقع دے رہے ہیں تاکہ ورلڈکپ سے قبل ایک مضبوط بیک اپ تیار ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ سفیان مقیم ایک باصلاحیت اسپنر ہے جسے وہ ذاتی طور پر بہت پسند کرتے ہیں، اور آگے اسے ضرور موقع دیں گے۔ ٹیم سلیکشن میں ان کی رائے شامل ہوتی ہے، اور نیوزی لینڈ میں بھی پلئنگ الیون مشاورت سے تیار کی جاتی تھی۔

ڈی آر ایس کی عدم دستیابی کے سوال پر سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ایسی صورت میں امپائرز کے فیصلوں پر انحصار کرنا ہوگا۔