اسلام آباد: نیشنل سائبر سکیورٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے خبردار کیا ہے کہ گوگل، مائیکروسافٹ، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے 18 کروڑ 40 لاکھ سے زائد پاس ورڈز لیک ہو چکے ہیں۔
جاری کردہ ایڈوائزری میں صارفین کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اپنے اہم اکاؤنٹس کے پاس ورڈز فوری طور پر تبدیل کریں اور ٹو فیکٹر ویری فکیشن کو لازمی طور پر فعال کریں تاکہ اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاسورڈ ری سیٹ سے متعلق مشکوک ای میلز یا لنکس پر ہرگز کلک نہ کریں، کیونکہ ہیکرز انہیں استعمال کرتے ہوئے صارفین کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید برآں، اگر کسی اکاؤنٹ میں غیر معمولی سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر اس کی نگرانی کریں اور ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔
